(ڈیلی دھرتی رپورٹرز ڈیسک) ملک میں جاری گرمی کی لہر کی شدت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ ادھر ہسپتالوں کے ایمرجنسی وارڈ گیسٹرو اور ہیٹ اسٹروکس کے مریضوں سے بھر گئے ہیں۔
پنجاب میں حکام کی جانب سے جاری ہونے والی رپورٹ کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں گرمی کی بڑھتی شدت کے باعث مریضوں کی تعداد میں بڑے پیمانے پر اضافہ ہوا ہے۔ صرف دارالحکومت لاہور کے مختلف سرکاری ہسپتالوں میں گیسٹرو اور ہیٹ اسٹروک کے ایک ہزار سے زائد مریض داخل کیے گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق چوبیس گھنٹوں میں پانچ سو سے زائد بچوں کو ہنگامی طبی امداد کے لیے ہسپتال لایا گیا۔ جبکہ صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی ہسپتال مریضوں سے بھر چکے ہیں۔
ڈاکٹرز نے ملک میں جاری حالیہ گرمی کی لہر پر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے یہ بیان جاری کیا ہے کہ شہری ہر ممکن حد تک گرمی میں باہر نکلنے سے پرہیز کریں۔ بلا ضرورت گھر سے باہر نہ نکلیں۔ پانی وقفے وقفے سے پیتے رہیں۔ بازار سے کٹے ہوئے پھل اور دیگر کھلی اشیاء لے کر نہ کھائیں۔
ڈاکٹرز کا مزید کہنا ہے کہ مائیں بچوں کو خوراک دیتے وقت احتیاط کریں۔ طبیعت کی خرابی کی صورت میں او آر ایس پلائیں۔ جبکہ جن افراد کا گھر سے نکلنا مجوری ہو تو وہ سر اور گردن ہو ڈھانپ کر رکھیں۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے گرمی کی لہر مزید دو سے تین روز تک جاری رہنے کی پیشگوئی کر دی ہے۔