پاکستان تحریک انصاف کے راہنماء اور چیف آف اسٹاف شہباز گل کی اہلیہ کے متعلق بڑا انکشاف سامنے آیا ہے کہ وہ کامسیٹس یونیورسٹی کی 1 کروڑ 86 لاکھ روپے کی نادہندہ ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ایک دستاویز سامنے آئی ہے۔ جس سے یہ انکشاف ہوا ہے کہ ڈاکٹر شہباز گل کی اہلیہ 2011 میں سرکاری خرچ پر پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کرنے کے لیے امریکہ گئی تھیں۔ گیارہ سال گذرنے کے بعد بھی وہ تاحال واپس نہیں آئیں۔ یونیورسٹی انتظامیہ نے سرکاری خرچ کی مد میں 99 ہزار ڈالرز کی واپسی کا مطالبہ بھی کر رکھا ہے۔
شہباز گل کی اہلیہ اعزا اسد رسول نے مارچ 2011 میں یونیورسٹی آف الینوائے سے تعلیم حاصل کرنے کے لیے سرکاری فنڈ سے اسکالر شپ لی تھی۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ یونیورسٹی آف الینوائے وہی یونیورسٹی ہے جہاں شہباز گل شعبہ تدریس سے وابستہ ہیں۔
دستاویز کے مطابق مسز شہباز گل کو 2016 میں واپس آنا تھا۔ لیکن بار بار خط لکھنے کے باوجود وہ واپس نہیں آئیں۔اس دوران شہباز گل اپنے اثرورسوخ سے یونیورسٹی انتظامیہ پر اثر انداز ہوتے رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق شہباز گل کی اہلیہ کے ذمہ مجموعی طور پر 1 کروڑ 86 لاکھ روپے واجب الادا ہیں۔