ممبئی : بھارتی سنگر سونو نگم کے والد کے گھر سے ڈرائیور لاکھوں روپے چوری کرکے فرار ہوگیا۔
ڈیلی دھرتی (ویب ڈیسک) بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق سونونگم کے والد جن کی عمر 76 سال ہے ان کے والد کا کہنا ہے کہ ان کے پاس کام کرنے والے ڈرائیور نے اُن کے گھر سے 72 لاکھ روپے چوری کیے ہیں ۔
میڈیا رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ گلوکار سونو نگم کے والد اگم کمار نگم اوشیوارا ، اندھیری ویسٹ میں ونڈسر گرینڈ بلڈنگ میں رہتے ہیں اور مبینہ چوری 19 مارچ سے 20 مارچ کے درمیان ان کی غیر موجودگی میں ہوئی ۔
معلوم ہوتے ہی فوری طور پر سونو نگم کی چھوٹی بہن نکیتا کی طرف سے اوشیوارا پولیس اسٹیشن میں مبینہ چوری کی رپورٹ درج کروا دی گئی ہے ۔
رپورٹ میں نکیتا نے پولیس کو بتایا کہ ان کے والد اگم کمار کے پاس پچھلے تقریباً 8 ماہ سے ریحان نامی ایک ڈرائیور کام کرتا تھا لیکن کچھ دن پہلے ہی اس کی کارکردگی کو مدِ نظر رکھتے ہوئے اس کو کام سے ہٹا دیا گیا تھا ۔
اتوار کی دوپہر گلوکار کے والد اگم کمار کھانے کے لیے اپنی بیٹی نکیتا کے گھر گئے اور کچھ دیر بعد واپس آئےشام میں انہوں نے اپنی بیٹی کو فون کر کے بتایا کہ لکڑی کی الماری میں رکھے ڈیجیٹل لاکر سے 40 لاکھ روپے غائب ہیں۔ جس کے بعد اگم کمار اگلے دن کسی کام کے سلسلے میں اپنے بیٹے کے گھر گئے وہاں سے واپسی لوٹے تو معلوم ہوا کہ ان کے گھر کے ایک دوسرے لاکر سے مزید 32 لاکھ غائب ہیں۔
اگم کمار اور ان کی بیٹی نکیتا نے اپنی سوسائٹی کی سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ کی جس میں ان کے سابق ڈرائیور ریحان کو دونوں دن بیگ کے ساتھ ان کے فلیٹ کی طرف جاتے ہوئے دیکھا گیا۔
سونو نگم کے والد نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ان کے سابق ڈرائیور کے پاس ان کے فلیٹ کی ڈپلیکیٹ چابی ہے جس کی مدد سے وہ فلیٹ میں داخل ہوا اور گھر میں موجود ڈیجیٹل لاکر سے 72 روپے لوٹ کر فرار ہوگیا۔
پولیس نے سونو نگم کے والد کے گھر سے 72 لاکھ روپے چوری کی شکایت درج کرتے ہوئے ڈرائیور ریحان کی تلاش شروع کر دی ہے۔