ڈیلی دھرتی (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے کِنگ سپر سٹار شاہ رُخ خان اور انڈین کرکٹر ویرات کوہلی کے فین (مداح) سوشل میڈیا پر آپس میں ان کی وجہ سے لڑنے میں مصروف ہیں تو دوسری جانب ان دونوں کو اس بات کی کوئی پرواہ نہیں ہے کہ لوگ ان کے بارے میں کیا سوچ رہے ہیں ۔
کولکتہ کے کرکٹ اسٹیڈیم میں شاہ رخ خان اور ویرات کوہلی کی ملاقات ہوئی جس میں دونوں کو بہت ہی خوشگوار موڈ میں دیکھا گیا ہے ۔
بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز آئی پی ایل کے میچ میں شاہ رخ خان کی ٹیم کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے ویرات کوہلی کی ٹیم رائل چیلنجرز بنگلور کو 81 رنز سے شکست دی۔
اس موقع پر گراؤنڈ میں شاہ رخ خان اور ویرات کوہلی کی بہت ہی خوشگوار موڈ میں ملاقات ہوئی۔
رپورٹس کے مطابق شاہ رخ خان اپنی بیٹی کے ہمراہ میچ دیکھنے کے لیے گراؤنڈ میں موجود تھے اور اس دوران وہ اپنے مداحوں کا ہاتھ ہلا کر شکریہ بھی ادا کرتے رہے۔
شاہ رخ خان اور ویرات کوہلی کی اس ملاقات کی تصویر کو سوشل میڈیا پر بہت زیادہ پسند کیا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ حال ہی میں شاہ رخ خان اور ویرات کوہلی کے مداحوں کے درمیان سوشل میڈیا پر اس سوال پر جنگ چِھڑ گئی تھی کہ عالمی سطح پر کامیابی حاصل کرنے والا اور بڑی شخصیت کون ہے۔