ڈیلی دھرتی (ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق ماڈل ٹاؤن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی حکومت کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان کی جان کو خطرہ تھا تو کل کیا ہوا، چاہتے تو عمران خان کو آتے ہی گرفتار کرسکتے تھے۔
حکومت کے پاس ریاستی طاقت اور ہتھیار بھی موجود تھے،مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ تمام تر معاملے پر قانون نے اپنا راستہ لے لیا ہے، عمران خان تاخیری حربے استعمال کر رہے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ پہلے ہم اِسے سیاسی دہشتگرد کہتے تھے، اب وہ صرف دہشتگرد ہے،آئین کو روندتا ہوااور قانون توڑتا ہوا عدالت میں پیش ہوا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ نواز شریف، شہباز شریف، احسن اقبال اورخواجہ آصف عدالت میں پیش ہوئے،مسلم لیگ ن کے لیڈرز اس لیے عدالتوں میں پیش ہوئے کہ ان کے پاس جواب موجود تھے۔
حکومتی ترجمان نے کہا کہ کل عمران خان کے گھر سے کلاشنکوف، غلیلیں اور ڈنڈے نکلے ہیں، شہباز شریف کی بیٹی کے گھر میں نیب فورس گئی تھی تو کیا اندر سے بم برآمد ہوئے تھے؟، عمران خان ایک دہشتگرد ہے، اس کی ذہنیت دہشتگردانہ ہے، یہ عدالتوں کو دھمکاتے ہیں تاکہ ان پر فرد جرم عائد نہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ تاریخ میں سب سے تیز ریلیف عمران خان کو ملا، پرسوں دیکھا گیا 8 منٹ میں عمران خان کی 8 ضمانتیں منظور ہوئیں، عدالتی تاریخ میں ایسی سہولت کسی کو نہیں دی گئی، ایک دہشتگرد کی سہولت کاری کی جا رہی ہے، آج عدالت کیلئے سوالیہ نشان ہے، آج ملک میں جو جنگل کا قانون ہے اس کا ذمہ دار عمران خان ہے۔