ڈیلی دھرتی (ویب ڈیسک) نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے پاکستانیوں کیلئے آسانی پیدا کرنے کیلئے نئی موبائل ایپ متعارف کرائی ہے جس کو استعمال کرتے ہوئے شہری گھر بیٹھے ہی اپنے موبائل کے ذریعے شناختی کارڈ بنوا سکیں گے ۔
نادرا کی پاک آئی ڈی موبائل ایپ کی وجہ سے شہریوں کو نادرا کے دفاتر جاکر لمبی قطاروں میں لگ کر گھنٹوں انتظار کرنے سے نجات مل جائے گی اور شناختی کارڈ اور دیگر شناختی دستاویزات بنوانے کی تمام تر درخواستون کی کاروائی مکمل طور پر موبائل فون سے مکمل کر سکتے ہیں اور شناختی کارڈ یا دستاویزات اپنے گھر پر بھی منگواسکیں گے ۔
نئی موبائل ایپلیکیشن کی اہم خصوصیات پر بات کرتے ہوئے چیئر مین نادرا طارق ملک نے بتایا کہ پاک آئی ڈی موبائل ایپلیکیشن میں دستاویزات کی شناخت کا نظام اور بایو میٹرک تصدیق کی سہولت بھی موجود ہے جس کی بدولت شناختی دستاویزات بنوانے کیلئے مکمل کاروائی اپنے گھر بیٹھے اسمارٹ موبائل سے مکمل کی جاسکتی ہے ۔
چیئر مین نادرا طارق ملک نے مزید کہا کہ یہ موبائل ایپلیکیشن شہریوں کیلئے بہت سی پریشانیوں سے چھٹکارا دلائے گی جیسے کہ لمبی قطاروں میں لگے گھنٹوں انتظار کرنا ، آنے جانے کی پریشانی بچائے گی لوگوں کا تو فائدہ ہوگا ہی ہوگا اس ایپ کے ذریعے ساتھ میں یہ نادرا کی کامیابیوں میں بھی ایک نیا اضافہ ثابت ہوگی جس کی بدولت پاکستان دُنیا کا پہلا مُلک بن چکا ہے جس نے بایو میٹرک لینے اور دستاویزات جمع کرانے جیسی سہولیات آن لائن متعارف کرادی ہیں ۔
طارق ملک چیئر مین نادرا نے بتایا کہ اس موبائل ایپ کی تیاری میں کنٹیکٹ لیس ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا ہے جس کی بدولت شہری اسمارٹ موبائل کے ذریعے شناختی دستاویزات بنوا کر جدید ڈیجیٹل سہولیات کا بھرپور فائدہ اُٹھاسکیں گے ۔
دیکھا جائے تو نادرا کی طرف سے یہ ایپ متعارف کروانے کا فیصلہ بالکل درست ہے کیونکہ اس ایپ کی بہت ضرورت تھی لوگ گھنٹوں گھنٹوں لمبی قطاروں میں لگے اپنی باری کا انتظار کرتے تھے اور اس کے علاوہ اور بھی بے شمار مسائل سامنے آتے تھے لوگوں کو اپنی شناختی دستاویزات بنوانے کیلئے ۔