خبردار تمباکو نوشی مضر صحت ہے۔۔۔ یہ انتباہ تو آپ اکثر پڑھتے رہتے ہیں۔ تقریباً ہر سیگریٹ کی ڈبیا پر کینسر زدہ چہرے کی تصاویر کے ساتھ یہ انتباہ درج ہوتا ہے۔ اس کے باوجود سیگریٹ کے عادی افراد کا اس لت سے جان چھڑانا آسان نہیں ہوتا۔ لیکن مضبوط قوت ارادی، صبر و استقامت اور مختلف تکنیکات استعمال کر کے اس بری اور جان لیوا عادت سے جان چھڑائی جا سکتی ہے۔
اس مضمون میں ایسی ہی دس تکنیکات دی گئی ہیں۔ جن پر عمل کر کے آپ باآسانی سیگریٹ نوشی جیسی بری عادت سے چھٹکارا پا سکتے ہیں۔ تو آئیے دیکھتے ہیں سیگریٹ نوشی سے جان چھڑانے کے دس طریقے۔۔۔
چینی کہاوت ہے کہ “سو میل لمبے سفر کی ابتداء پہلے قدم سے ہوتی ہے”۔ اگر آپ بری عادت سے جان چھڑانا چاہتے ہیں تو سب سے اہم چیز ہے آپ کا فیصلہ۔۔۔ اپنے آپ کو اہم ترین مرحلے کے لیے تیار کریں۔ یہ آپ کی قوت ارادی کا سب سے بڑا امتحان ہے۔ تمباکو نوشی آپ کے لیے ہرگز ضرورت نہیں ہے۔ بلکہ اپنے جسم کو لاتعداد موذی امراض سے بچانے کے لیے اس بری لت سے پیچھا چھڑانا ضروری ہے۔
ایک بار فیصلہ کرنے کے بعد اگلا مرحلہ یہ ہے کہ آپ اپنی اسموکنگ روٹین پر نظر ڈالیں۔ آپ عموماً کب اور کس وقت سیگریٹ پیتے ہیں۔ آپ کو زیادہ طلب کن اوقات پر ہوتی ہے۔ زیادہ تر لوگ کھانا کھانے کے بعد، صبح اٹھنے کے بعد یا پھر ٹوائلٹ جانے سے پہلے سیگریٹ پیتے ہیں۔
کچھ لوگ ایسے ہوتے ہیں جو کسی پارٹی پر یا دوستوں کی محفل میں سیگریٹ لازمی پیتے ہیں۔ بعض لوگ عام طور بغیر روٹین کے ہی تمباکو نوشی کرتے رہتے ہیں۔ آپ کو اپنے پسندیدہ اوقات کا اندازہ لگانا ہو گا۔ اس کے بعد ان اوقات کو بغیر تمباکو نوشی کیے گزارنے کی منصوبہ بندی کرنا ہو گی۔
اپنے آپ سے وعدہ کیجیے کہ “میں آج سے ہی تمباکو نوشی ختم کر رہا ہوں”۔ اس کے بعد اس وعدے پر کاربند رہیے۔ اسے کسی بھی واقعے کی نذر نا ہونے دیں۔ متبادل پلان بھی تیا ر کیجیے کہ اگر آپ کو طلب محسوس ہو تو ان اوقات میں آپ کیا کریں گے۔ آپ اپنے کسی دوست یا عزیز کے ساتھ یہ طے کر سکتے ہیں کہ ایسی صورتحال میں آپ انہیں کال کریں گے۔
آپ نے فیصلہ کر لیا،روٹین دیکھ لی۔۔۔ اور پلان بھی تیار کر لیا۔ تو اب شروعات کیجیے۔ آپ کے پاس اسموکنگ سے متعلقہ تمام اشیاء مثلاً سیگریٹ،ایش ٹرے وغیرہ اگر موجود ہیں تو انہیں فوراً پھینک دیجیے۔ اپنی کار، اپنے کمرے سمیت ہر اس جگہ کی صفائی کیجیے جہاں آپ اسموکنگ کرتے رہے ہیں۔ اپنے اردگرد کے ماحول کو سیگریٹ فری بنائیے۔
اپنے عزیز و اقارب اور دوستوں کو اپنے فیصلے کے بارے میں بتائیے کہ آپ نے تمباکو نوشی چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہو سکے تو سوشل میڈیا مثلاً فیس بک اور ٹوئٹر وغیرہ پر شئیر کیجیے۔ اس سے لوگ آپ کی حوصلہ افزائی کریں گے۔ اور آپ کو اپنے پلان پر بخوبی عمل کرنے میں مدد ملے گی۔
کافی، الکوحل اور ایسی تمام اشیاء جو چھوڑ دیں جن سے تمباکو نوشی کی تحریک ملتی ہے۔ ان کی بجائے متبادلات کو پلان کیجیے۔ زیادہ سے زیادہ مقدار میں پانی پیجیے۔ ان دوستوں کے ساتھ گھلیے ملیے جو سیگریٹ نہیں پیتے۔ انہیں اپنے فیصلے کے بارے میں بتائیے۔ صحت مندانہ عادات اپنانے کی کوشش کیجیے۔
اپنے گھر یا کار میں دیگر افراد کو تمباکو نوشی مت کرنے دیں۔ نان اسموکنگ زون میں رہنے کی کوشش کیجیے۔ لوگوں کو بتائیں کہ آپ نے اسموکنگ چھوڑ دی ہے اس لیے وہ آپ کے سامنے یہ کام نا کریں۔ اس سے آپ کا تشخص ایک نان اسنوکر کے طور پر ابھرے گا۔
اگر آپ تمباکو نوشی کے بہت زیادہ عادی ہیں تو یہ عادت اتنی آسانی سے نہیں چھوٹے گی۔ اپنے قریبی “تمباکو نوشی چھوڑیے” جیسے عملی پروگرام میں حصہ لیں۔ یا پھر آپ نکوٹین کی مخصوص مقدار لے سکتے ہیں۔ بازار میں نکوٹین چیونگ گم ملتی ہے۔ اس کا استعمال آپ کے جسم کو نکوٹین کی ضرورت بغیر تمباکو نوشی کے پورا کر دے گا۔
آپ نے فیصلہ کیا۔۔۔آپ نے پلان تیار کیا۔۔۔ اور اب آپ نے اس پر عمل کر دکھایا۔ مبارک ہو آپ اب نان اسموکر ہیں۔ اپنی اس کامیابی کا جشن منائیں۔ اس سلسلے میں آپ اپنے دوستوں کے ساتھ مل کر پارٹی رکھ سکتے ہیں۔ جس سے آپ اور بھی عزم و حوصلے کا مظاہرہ کر سکیں گے۔
مایوسی گناہ ہے۔ یاد رکھیے ایک عام اسموکر بھی کم از کم 10 سے 11 بار تمباکو نوشی چھوڑنے کی ناکام کوششیں کرتا ہے۔ آپ اپنی پہلی کاوش میں ہی کامیاب ہو سکتے ہیں۔ اس لیے ان تین الفاظ کو ہمیشہ یاد رکھیں۔
“مایوس مت ہوں”۔