ڈیلی دھرتی (ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے بجلی کی قیمت میں ساڑھے 7 روپے فی یونٹ تک اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، اطلاق کے الیکٹرک سمیت تمام تقسیم کار کمپنیوں کے صارفین پر ہوگا۔
نیپرا کی اجازت کے بعد وفاقی حکومت نے بجلی کی قیمت میں 3 روپے سے ساڑھے 7 روپے فی یونٹ تک اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ماہانہ 100 یونٹ تک ٹیرف میں 3روپے اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد 100 یونٹ تک بجلی استعمال کرنیوالوں کو کو 16.48 روپے فی یونٹ بجلی ملے گی، ماہانہ 101 سے 200 یونٹ تک کا ٹیرف 4 روپے اضافے سے 22.95 روپے فی یونٹ ہوگیا۔
نوٹیفکیشن میں مزید بتایا گیا ہے کہ ماہانہ 300 یونٹ تک کا ٹیرف 5 روپے اضافے سے 27.14 روپے، 400 یونٹ کا ٹیرف 6.50 روپے اضافے سے 32.03 روپے فی یونٹ اور ماہانہ 500 یونٹ کا ٹیرف 7.50 روپے اضافے سے 35.24 روپے ہوگیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ماہانہ 600 یونٹ کا ٹیرف 7.50 روپے اضافے سے 36.66 روپے اور ماہانہ 700 یونٹ سے زیادہ کا ٹیرف 7.50 روپے اضافے سے 42.72 روپے فی یونٹ مقرر کیا گیا ہے، سیلز ٹیکس کے بعد زیادہ سے زیادہ فی یونٹ ٹیرف 50.41 روپے ہوگا۔
نوٹیفکیشن میں مزید بتایا گیا ہے کہ لائف لائن صارفین کیلئے بجلی کے پرانے نرخ برقرار رہیں گے جبکہ اطلاق بجلی کی تمام تقسیم کار کمپنیوں سمیت کے الیکٹرک صارفین پر بھی ہوگا۔