ڈیلی دھرتی (ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کی اہلیہ بشریٰ بی بی طلبی کے باوجود آج اینٹی کرپشن آفس میں پیش نہ ہوئیں۔
ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن اوکاڑہ ملک تصور حسین نے بتایا کہ بشریٰ بی بی کا 4 بجے تک آفس میں انتظار کیا گیا، ان پر من پسند ٹھیکیداروں کو غیر قانونی طور پر ٹھیکے دلانے کا الزام ہے، ان کا آج پیش نہ ہونا غیر حاضری تصور ہوگی۔
ملک تصور حسین نے کہا کہ اسی مقدمے میں بشریٰ بی بی نے جمعرات کو لاہور ہائی کورٹ میں پیش ہونا ہے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن اوکاڑہ نے سابق خاتون اول کو آج پیش ہونے کا نوٹس جاری کر رکھا تھا۔ محکمے کی جانب سے نوٹس ان کے گھر کے باہر چسپاں کیا گیا تھا۔
گزشتہ روز ترجمان اینٹی کرپشن نے اپنے ایک بیان میں بتایا تھا کہ بشریٰ بی بی کو 5 جولائی کو اپنے گاؤں میں ترقیاتی کاموں میں کرپشن کے الزامات پر طلب کیا ہے، ان پر من پسند ٹھیکیداروں کو غیر قانونی طور پر ٹھیکے دلانے کا الزام ہے۔
ترجمان کے مطابق بشریٰ بی بی کو پابند کیا گیا ہے کہ انکوائری کمیٹی کے سامنے پیش ہو کر مؤقف دیں، اینٹی کرپشن نے طلبی کا نوٹس زمان پارک اور بنی گالا کی رہائشگاہوں پر چسپاں کیا ہے، ان کی طلبی کا نوٹس وکلا علی بھٹہ اور اویس کو بھی وصول کروایا گیا ہے۔