ڈیلی دھرتی (ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق گزشتہ برس ایم بی بی ایس کی ڈگری حاصل کرنے والے ڈاکٹر حافظ ولید ملک جنہوں نے مختلف مضامین میں ٹاپ کرنے پر 29 گولڈ میڈل حاصل کیے تھے، انہوں نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں ابھی تک کسی اسپتال میں نوکری نہیں مل سکی ہے چند روز قبل ڈاکٹر ولید نے انسٹاگرام پر ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے متعدد اسپتالوں میں درخواستیں دی ہیں لیکن نوکری نہیں ملی، انہوں نے یہ بھی کہا کہ نوکریوں کی صورتحال میرٹ کی بجائے سفارش پر ہے۔
انہوں نے لکھا ‘میں 20 سے زائد اسپتالوں میں نوکری کے لیے درخواستیں دے چکا ہوں لیکن نوکری نہیں ملی، یہاں 99 فیصد سفارش جب کہ ایک فیصد میرٹ پر نوکری دی جاتی ہے، ہوسکتا ہے میں غلط ہوں لیکن میں نے یہ ہی دیکھا ہے’۔
ولید نے انسٹاگرام پر مزید لکھا کہ ‘صرف میرٹ کی بالادستی ہونی چاہیے لیکن یہ نظام ٹھیک ہونے والا نہیں لگتا’۔
کچھ سوشل میڈیا صارفین نے ولید کی اسٹوری کا اسکرین شاٹ لیا اور مختلف جگہوں پر پوسٹ کردیا جس کے بعد ان کی یہ اسٹوری وائرل ہوگئی۔
بی بی سی سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر ولید نے کہا کہ انہوں نے گزشتہ سال لاہور کے امیر الدین میڈیکل کالج سے ایم بی بی ایس مکمل کیا اور پھر لاہور جنرل اسپتال میں ہاؤس جاب کی
24 سالہ نوجوان نے کہا ‘جب میری ہاؤس جاب ختم ہوئی تو میں نے پرائیویٹ اسپتالوں میں درخواستیں دینا شروع کر دیں، سرکاری اسپتالوں میں ابھی تک بھرتی شروع نہیں ہوئی تھی’۔
پاکستان میں میڈیسن کے شعبے میں ملازمتوں میں رکاوٹ بننے والے سفارشی کلچر پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا ‘عام طور پر نجی اسپتالوں میں نوکریوں کے عہدے خالی نہیں ہوتے اور اگر وہ دستیاب ہوں تو بھی پروفیسرز کی سفارش پر میڈیکل گریجویٹس کی خدمات حاصل کی جاتی ہیں’۔
انہوں نے مزید کہا کہ سفارش کلچر ایک عام طالب علم اور ٹاپر دونوں کے لیے ملک میں ایک حقیقت ہے ، انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ سوشل میڈیا پر وائرل نہیں ہونا چاہتے تھے لیکن ایسا ہوگیا۔
سوشل میڈیا صارفین نے ڈاکٹر حافظ ولید ملک کی اس پوسٹ کا اسکرین شاٹ لے کر اسے پوسٹ کر دیا جس کے بعد ان کے جذبات سے بھرپور یہ پوسٹ وائرل ہو گئی۔
بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر حافظ ولید ملک نے گذشتہ سال کے اواخر میں جب ایم بی بی ایس کی تعلیم مکمل کی تو انھیں کئی مضامین میں ٹاپ کرنے پر 29 گولڈ میڈل دیے گئے تھے۔ شاید اسی لیے لوگ ان کی اس بات پر حیران ہوئے کہ انھیں اب تک کسی ہسپتال میں ڈاکٹر کی نوکری نہیں مل سکی ہے۔
واضح رہے کہ حافظ محمد ولید ملک نے ایم بی بی ایس کی تعلیم کے دوران 29 گولڈ میڈل حاصل کر کے ناصرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں ایک ریکارڈ قائم کیا۔