ڈیلی دھرتی (ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق گذشتہ دنوں سائوتھ یونان کے ساحل پر انتہائی افسوسناک حادثہ پیش آیا تھا، جہاں تارکین وطن کو لے جانے والی ایک کشتی ڈوبنے سے سیکنڑوں افراد جاں بحق ہو گئے تھے، ان میں درجنوں پاکستانی بھی شامل ہیں۔ تاہم ان میں سے بارہ پاکستانیوں کو بچا لیا گیا تھا۔
ایتھنز میں قائم پاکستانی ایمبیسی نے تصدیق کی تھی کہ امدادی ٹیموں نے سمندر میں آپریشن کرکے بارہ پاکستانیوں کو بچا لیا تھا۔ پاکستانی سفارتخانے کی ٹیم یونانی حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ ڈوبنے والے پاکستانیوں کے بارے میں بھی معلومات شیئر کی جا سکیں
اس سلسلے میں پاکستانی سفارتخانے کے وفد نے زندہ بچ جانے والے پاکستانیوں سے بھی ملاقات کی اور ان کو تمام ممکنہ امداد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
کشتی حادثہ میں بچ جانے والے پاکستانیوں نے بتایا کہ ان کو ایک ماہی گیر کشتی میں سوار کرایا گیا تھا، جس میں گنجائش سے زیادہ تارکین وطن تھے۔
پاکستانی سفارتخانے کے مطابق جن پاکستانی افراد کو یونان میں ریسکیو کیا گیا ان میں حسیب الرحمان اور عدنان بشیر کا تعلق آزاد کشمیر سے ہے۔
ان کے علاوہ جن افراد کو بچایا گیا ان میں عثمان صدیق ولد محمد صدیق ساکن گجرات، عمران آرائیں ولد مقبول ساکن گجرات، عرفان احمد ولد شفیع ساکن گجرات، رانا حسنین ولد رانا نصیر ساکن سیالکوٹ، مہتاب علی ولد محمد اشرف ساکن منڈی بہاء الدین، زاہد اکبر ولد اکبر علی ساکن شیخوپورہ، محمد سنی ولد فاروق احمد ساکن شیخوپورہ، عظمت خان ولد محمد صالح ساکن گجرات، ذیشان سرور ولد غلام سرور ساکن گوجرانوالہ اور محمد حمزہ ولد عبدالغفور ساکن گوجرانوالہ
شامل ہیں۔