پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اگر حکومت سنجیدہ ہے تو مذاکرات آج ہی ہوں گے۔
سپریم کورٹ میں سماعت کے بعد عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مذاکرات چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی مقرر کردہ 3 رکنی کمیٹی ہی کرے گی۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم مذاکرات کے لیے آج شام 4 بجے بیٹھنے کو تیار ہیں، حکومت مذاکرات کے لیے سنجیدہ ہے تونام پیش کرے، چیئرمین سینٹ کو خط کا جواب لکھ دیا ہے۔
اس موقع پر فواد چوہدری نے کہا کہ مذاکرات آئین کے مطابق کیے جائیں گے، آج مذاکرات شروع ہوئے تو ہم ویلکم کریں گے۔
وہاں موجود عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا کہ حکومت الیکشن میں نہیں جائے گی، یہ تاخیری حربے استعمال کر رہے ہیں۔
*عمران نے 3 رکنی کمیٹی بنا دی: شاہ محمود*
سماعت سے قبل سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ معاملہ سینیٹ کا نہیں، پارٹیوں میں بات طے ہو گی۔
انہوں نے بتایا تھا کہ عمران خان نے 3 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے، فواد چوہدری، علی ظفر اور مجھ پر مشتمل کمیٹی بنائی ہے، حکومت سنجیدہ ہے تو مذاکرات کے لیے آج بھی تیار ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا تھا کہ عدالت کے حکم پر پھر حاضر ہیں، مشاورت کے لیے وقت دیا جائے، پی ڈی ایم کا کوئی وزیر حاضر نہیں ہوا۔
انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ آج پھر حکومت کا ارادہ آئیں بائیں شائیں کرنے کا ہے، اب باقی باتیں عدالت میں ہوں گی۔
سپریم کورٹ نے سماعت ملتوی کر دی
واضح رہے کہ آج سپریم کورٹ آف پاکستان نے قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں ایک ساتھ انتخابات کی درخواست اور الیکشن فنڈز جاری کرنے کے حکم سے متعلق سماعت ملتوی کر دی۔
اس موقع پر چیف جسٹس پاکستان عمر عطاء بندیال نے کہا کہ کوئی ٹائم لائن نہیں دے رہے، آج کا آرڈر جاری کریں گے، ہم نہ کوئی ہدایت جاری کر رہے ہیں، نہ کوئی ٹائم لائن، عدالت مناسب حکم نامہ جاری کرے گی، براہِ مہربانی آئین کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ بیٹھیں۔