ڈیلی دھرتی (ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے پنجاب پولیس کی جانب سے عمران خان کی رہائشگاہ زمان پارک آپریشن کیخلاف درخواست دائر کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
توہین عدالت کی درخواست فواد چوہدری کی جانب سے دائر کی جائے گی اور اس سلسلے میں فواد چوہدری نے لیگل ٹیم کو درخواست کی تیاری کی ہدایت کر دی۔
دوسری جانب سے میڈیا سے گفتگو میں نگراں وزیراطلاعات پنجاب عامر میر کا کہنا تھا کہ عمران خان کی رہائشگاہ زمان پارک میں آپریشن تشدد واقعات میں ملوث افراد کیخلاف ہورہا ہے۔
عامرمیر کا کہنا تھا کہ زمان پارک کے اندر سے پولیس پر فائرنگ کی گئی، پولیس پر حملے ہوئے، پٹرول بم پھینکے گئے تھے۔
نگراں وزیراطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ پولیس پرحملوں کے باعث جس پر مقدمات ہوئے تھے، نوگوایریا ختم کیا جارہے، قانون کی عملداری کرائی جارہی ہے۔ ریاست کی رٹ قائم کرنے کےلیے آپریشن ہورہاہے۔
اس سے قبل پولیس نے عمران خان کی رہائشگاہ زمان پارک کے گیٹ کو توڑ کر عمران خان کی رہائشگاہ زمان پارک کا کنٹرول سنبھال لیا۔ پی ٹی آئی کارکنوں کے پتھراؤ سے 2 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔
اس سے قبل پولیس نے زمان پارک کے قریب سے رکاوٹیں ہٹادیں جبکہ تحریک انصاف کے 15 کارکنان کو بھی حراست میں لے لیا۔