ڈیلی دھرتی (ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہےکہ ہمیں آرمی چیف جو بھی لگے اس کا پرابلم نہیں، لگانے والوں سے پرابلم ہے، اگر حکومت آج الیکشن کا اعلان کردے تو استعفے واپس ہوسکتے ہیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت میں لوگ الیکٹ ہو کر نہیں آکشن کے تحت آئے ہیں، عام طور پر آکشن کے تحت آنے والی حکومتوں کو یہ فیصلے نہیں کرنا چاہئیں۔
فواد چوہدری نےکہا کہ اگر حکومت آج الیکشن کا اعلان کردے تو ان کی پارٹی کے استعفے واپس ہو سکتے ہیں، حکومت پہلے انتخابات کا اعلان کرے، پھر بیٹھ کر بات ہوگی، پی ٹی آئی حکومت کے ساتھ بیٹھنے کے لیے 100 فیصد تیار ہے۔
رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ عمران خان نے پہلے بھی بات کی لیکن ان لوگوں کے سر میں بھوسا بھرا ہوا ہے، دیکھ لیں اسحاق ڈار کا نیویارک میں پاکستانیوں نے کس طرح استقبال کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک کو آگے بڑھانے کے لیے اسپیس دینا ہوگی، ابھی سروے آیا ہے کہ پورا پاکستان الیکشن چاہ رہا ہے، کیا لوگ اُن عدالتی فیصلوں کو صحیح سمجھتے ہیں جس کے تحت حال میں ہی لوگ بری ہوئے ہیں؟ یہ سب کچھ این آر او 2022 کے تحت رہا ہو رہے ہیں۔