ڈیلی دھرتی (ویب ڈیسک) تفصیلات کے پشاور پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے دو ٹیلی تھونز میں 10 ارب روپے سے زائد جمع کرنے کے دعوؤں کے برعکس، پنجاب اور کے پی حکومتوں کو فلڈ ریلیف اکاؤنٹس میں صرف 4.02 ارب روپے ملے ہیں۔اس رقم میں کریڈٹ کارڈ کے ذریعے 1 ارب روپے کی ادائیگی بھی شامل ہے جس کی منتقلی جاری ہے۔ تاہم، سرکاری ذرائع نے دعویٰ کیا کہ کریڈٹ کارڈ کی ادائیگیاں پختہ ہوچکی ہیں۔
اس حوالے سے جب خیبرپختونخوا کے ایک ذمہ دار وزیر سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے اس نمائندے سے کہا کہ پہلے وزیراعظم کو دیے گئے فنڈز کی تفصیلات بتائیں، اس کے بعد کے پی حکومت صوبے کے فنڈز کی معلومات ظاہر کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پرائم منسٹر ریلیف اکاؤنٹ میں موجود فنڈز پی ٹی آئی کی جمع کردہ رقم سے بہت کم ہیں۔
اس نمائندے کو دستیاب تفصیلات کے مطابق بینک آف خیبر کو 1,126.128 ملین روپے جبکہ بینک آف پنجاب کو 1,900 ملین روپے موصول ہوئے۔ یہ دعویٰ کیا گیا کہ بین الاقوامی اور مقامی طور پر کریڈٹ کارڈز کے ذریعے ادا کیے گئے مزید 1000 ملین روپے بینک آف پنجاب کو منتقل کیے گئے ہیں۔ کریڈٹ کارڈ کی ادائیگیاں پنجاب انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی بورڈ کے ذریعے موصول ہوئیں۔ اس طرح مجموعی طور پر پنجاب حکومت کے ذرائع کا دعویٰ ہے کہ بینک کو 2.9 ارب روپے کے فنڈز مل چکے ہیں۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے 27 اگست 2022 کو سیلاب زدگان کے لیے عطیات جمع کرنے کے لیے دو سرکاری امدادی اکاؤنٹس قائم کیے تھے۔ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے عطیات کے لیے دونوں سرکاری بینک اکاؤنٹس کا اشتراک کر دیا ہے۔