ڈیلی دھرتی (ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی کی زیر صدارت ہفتہ کو سانحہ ماڈل ٹاؤن کا تفصیلی جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ماڈل ٹاؤن کیس میں انصاف کے تمام پہلوؤں کو پورا کیا جائے گا اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کے متاثرین کو ہر قیمت پر انصاف فراہم کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مظلوم خاندانوں کو انصاف فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، سانحہ کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہم سانحہ ماڈل ٹاؤن میں انصاف کی ذمہ داری پوری کر کے اللہ تعالی اور عوام کے سامنے کامیاب ہوں گے، انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے متاثرین کی امداد کے لیے تمام ممکنہ اقدامات بروئے کار لائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) بنانے کا فیصلہ عدالتی احکامات کی روشنی میں کیا جائے گا۔
اجلاس میں ایڈووکیٹ جنرل پنجاب احمد اویس، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری محمد خان بھٹی، صوبائی سیکرٹری قانون، پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری اطلاعات نور اللہ صدیقی اور دیگر حکام نے شرکت کی۔