ڈیلی دھرتی ( ویب ڈیسک ) ڈریپ نے کراچی میڈیسن مارکیٹ میں چھاپہ مار کر ڈھائی لاکھ پیناڈول کی گولیاں برآمد کرلیں۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان وزارت صحت کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ پینا ڈول کی ذخیرہ اندوزی کیخلاف ڈریپ نے کارروائی کی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ڈریپ نے کچی گلی میڈیسن مارکیٹ کراچی میں چھاپہ مارا اور کارروائی کےدوران ڈھائی لاکھ پیناڈول گولیاں پکڑی گئیں۔
وزارت صحت نے کہا ہے کہ ذخیرہ اندوزی سے مارکیٹ میں پیناڈول کی مصنوعی قلت پیدا کی گئی، فارمیسی سے ادویات کا مشکوک اسٹاک بھی برآمد ہوا۔
ڈریپ نے کچی گلی فارمیسی سے اسٹاک قبضے میں لے لیا اور برآمد ادویات کے نمونے ٹیسٹ کیلئے بھجوا دیئے ہیں۔
خیال رہے ڈریپ کا جعلی، غیر قانونی ادویات کا دھندہ کرنے والوں کے خلاف ملک گیر کریک ڈاون جاری ہے۔
ڈریپ نے اسلام آباد،لاہور اور پشاور میں مختلف مقامات پرچھاپے مارے اور کارروائی میں ساڑھے 3کروڑ مالیت کی غیر رجسٹرڈ ادویات برآمد کرلیں۔
ڈریپ نے اسلام آباد، پشاور اور لاہور میں غیر رجسٹرڈ ادویات بیچنے والے 25 اسٹورز،فارمیسز سیل کردیے۔