ڈیلی دھرتی ( ویب ڈیسک ) بارشوں اور سیلاب سے مزید 5 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں، ملک بھر میں سیلاب سے اموات کی تعداد ایک ہزار 396 ہو گئی ہے۔
این ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق 24 گھنٹوں میں 6 بچے بھی زخمی ہوئے، بلوچستان میں اب تک 268 اور پنجاب میں191 افراد سیلاب سے لقمہ اجل بنے۔
گلگت بلتستان میں اب تک 22 اور آزاد کشمیر میں 44 افراد جاں بحق ہوئے، خیبر پختو ںخوا میں جاں بحق افراد کی تعداد 293 ہے۔
ملک بھر میں بارشوں اور سیلاب کے باعث زخمیوں کی تعداد 12 ہزار 728 ہے، ملک بھر میں 3 کروڑ 30 لاکھ سے زائد افراد بارشوں سے متاثر ہوئے۔
دوسری جانب سے بپھرے سیلابی ریلے سب کچھ بہا کر لے گئے، سندھ، بلوچستان،خیبر پختونخوا اور جنوبی پنجاب میں ہرطرف تباہی ہی تباہی ہے۔
ملک بھر میں قدرتی آفت کے باعث ایک ہزار 396 اموات، 5 لاکھ 68 ہزار 817 گھر مکمل تباہ ہو چکے ہیں، 7 لاکھ سے زائد مویشی ہلاک ہوئے ہیں، متاثرہ علاقوں میں سڑکیں کھنڈر، بڑے پیمانے پر انفرااسٹرکچر تباہ ہونے سے متاثرین تک رسائی مشکل ہو چکی ہے۔