ڈیلی دھرتی (ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے نگران کابینہ کی تشکیل کے لیے مشاورت تیز کرتے ہوئے اجلاس طلب کر لیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نگران وزیر اعظم نے تمام شخصیات کے پروفائل کا خود جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے، نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے مختصر کابینہ رکھنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔
نگران وزیر اعظم نے رفقا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ معاشی مشکلات کے شکار ملک پر مزید بوجھ نہیں ڈالنا چاہتا، میرا پروٹوکول کم سے کم رکھا جائے، لوگوں کو تکلیف ہو نہ اخراجات زیادہ ہوں۔
ذرائع کے مطابق اس وقت نگران وزرا کے ناموں پر غور جاری ہے جن میں جلیل عباس جیلانی، شعیب سڈل، عبد الحفیظ شیخ، احسن بھون، سرفراز بگٹی اور ذوالفقار چیمہ کے نام زیر غور ہیں۔
خیال رہے کہ نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے اپنی ٹیم تشکیل دینے کے لیے سیاسی حلقوں کے ساتھ گذشتہ روز ہی مشاورت کا آغاز کردیا تھا۔
ذرائع کے مطابق جلیل عباس جیلانی کو وزیرخارجہ، حفیظ شیخ وزارتِ خزانہ اور گوہر اعجاز وزارتِ صنعت و پیدوار کا عہدہ ملنے کا امکان ہے جبکہ ڈاکٹر شعیب سڈل کا نام وزارتِ داخلہ کیلئے جبکہ وفاقی وزیر قانون کیلئے احسن بھون کے نام پر غورکیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے معیشت کے حوالے سے اہم اجلاس طلب کر لیا ہے، اجلاس میں سیکرٹری خزانہ ، چیئرمین ایف بی ار اور دیگر حکام شرکت کریں گے۔
اجلاس میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا، اجلاس میں اوگرا کی طرف سے بھیجی جانے والی سمری کا بھی جائزہ لیا جائے گا، اجلاس میں آئی ایم ایف پروگرام کے حوالے سے بھی بریفنگ دی جائے گی