ڈیلی دھرتی (ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق چئیرمین پی ٹی آئی نے توشہ خانہ کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا۔
سپریم کورٹ نے اسلام آباد ہائیکورٹ کو توشہ خانہ کیس کا فیصلہ کرنے کا حکم دیا تھا، اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ کیس میں درخواستیں خارج کر دی تھیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے توشہ خانہ کیس میں 342 کا بیان ریکارڈ کرنے کی کاروائی روکنے کی استدعا کر دی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے دائرہ اختیار پر حتمی فیصلے تک جج ہمایوں دلاور کی عدالت میں ٹرائل روکنے کی بھی استدعا کی گئی ہے۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں عدالت کے دائرہ اختیار پر پہلے فیصلہ ہونا ضروری ہے،اسلام آباد ہائیکورٹ کا حتمی فیصلہ آنے تک توشہ خانہ ٹرائل نہیں چل سکتا۔
توشہ خانہ میں ٹرائل روکنے کے معاملے میںچیئرمین پی ٹی آئی کی لیگل ٹیم بیرسٹر گوہر اور شعیب شاہین چیف جسٹس کے سامنے پیش ہوئے۔
وکلا چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ توشہ خانہ فیصلے کیخلاف اپیل دائر کر رہے ہیں، اپیل کیساتھ جلد سماعت کی درخواست بھی دے رہے ہیں۔
چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے ریماکس دیے کہ پہلے اپیل دائر تو کریں پھر دیکھ لیں گے، آپ ماشاءاللہ سمجھدار وکلا ہیں ہر چیز کا ایک طریقہ ہوتا ہے۔