ڈیلی دھرتی (ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف جو 4 سال سے بغرض علاج لندن میں مقیم ہیں ان کی وطن واپسی سے متعلق بڑی خبر آگئی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق سابق وزیراعظم جو گزشتہ ماہ سے سعودی عرب اور دبئی کے دورے پر ہیں اور اس دوران انہوں نے دبئی میں سابق صدر آصف علی زرداری سمیت کئی اہم سیاسی ملاقاتیں کیں جب کہ سعودی عرب میں بھی شاہی خاندان کے افراد کے علاوہ اہم شخصیات سے ملاقاتیں رہیں۔
اطلاعات کے مطابق نواز شریف آئندہ ہفتے جدہ سے لندن واپس پہنچیں گے تاہم ذرائع کے مطابق وہاں ان کا قیام صرف چند ہفتے ہی ہوگا۔
نواز شریف کی پاکستان واپسی کے حوالے سے شریف خاندان کے ذرائع نے بتایا ہے کہ وہ چند ہفتے لندن میں قیام کے بعد وطن واپس آئیں گے۔
واضح رہے کہ الیکشن ایکٹ میں ترمیم کے بعد وزیر قانون کے مطابق نواز شریف پر سے تاحیات نا اہلی کی تلوار ہٹ گئی جس کے بعد ملک بھر میں ان کی وطن واپسی کے حوالے سے چہ مہ گوئیاں اور پیش گوئیاں کی جانے لگی تھیں۔
گزشتہ روز مسلم لیگ ن نے بھی اپنے پارٹی رہنماؤں کو قائد اور سابق وزیراعظم کی وطن واپسی کے حوالے سے استقبال کی تیاریاں شروع کرنے کی ہدایات جاری کی تھیں۔
مسلم لیگ ن کی جانب سے قومی، صوبائی ٹکٹ ہولڈرز کے علاوہ، ڈویژنل، ضلعی عہدیداروں کو خطوط جاری کیے گئے ہیں جن میں ان سے یوسی سطح پر نواز شریف کے استقبال کی تیاریاں کرنے کی ہدایات کی گئی ہیں۔
خطوط میں کہا گیا ہے کہ پارٹی کسی بھی وقت نواز شریف کی وطن واپسی کا اعلان کر سکتی ہے اس لیے عہدیدار ان کے پرتپاک استقبال کی تیاریاں فوری شروع کر دیں۔