ڈیلی دھرتی (ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق میٹا کے تحت چلنے والی ایپ واٹس ایپ میں نئی تبدیلی ہونے جارہی ہے جس کے تحت واٹس ایپ کو ویب کے ساتھ لنک کرنے کے لیے کیو آر کوڈ سکین کرنا لازمی نہیں ہوگا، صارفین اپنے فون نمبر کے ذریعے ہی واٹس ایپ کا ویب ورژن استعمال کر سکیں گے۔
واٹس ایپ کی جانب سے صارفین کے لیے مزید آسانی کرتے ہوئے نیا فیچر متعارف کروایا گیا ہے جو ابھی صرف واٹس ایپ کے بیٹا ورژن پر موجود ہے اور فی الحال صرف کچھ بیٹا ٹیسٹرز کے لیے ہی دستیاب ہوگا۔
ڈبلیو اے بیٹا انفو کے مطابق کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ اس فیچر کو جلد تمام صارفین کے لیے متعارف کرا دیا جائے گا، جس کی بدولت اب صارفین کیو آر کوڈ کے بجائے موبائل نمبر سے بھی ویب ورژن پر واٹس ایپ استعمال کرسکیں گے۔
واٹس ایپ کے مطابق فی الحال اس سہولت کو استعمال کرنے لیے صارفین اپڈیٹ اینڈرائیڈ ورژن والے موبائل فون کے ذریعے گوگل پلے اسٹور سے دستیاب تازہ ترین واٹس ایپ بیٹا ورژن کو انسٹال کریں گے، جس کے بعد اس نئے فیچر کا تجربہ حاصل کیا جا سکے گا۔
کمپنی کے مطابق اس نئے فیچر کا مقصد صارفین کو اپنے اکاؤنٹس کو آسانی سے اضافی ڈیوائس سے لنک کرنے میں مدد دینا ہے۔ اس نئے فیچر کو ’لنک ود فون نمبر‘ کا نام دیا گیا ہے۔
میٹا نے خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ آنے والے دنوں میں اس نئے فیچر کو مزید صارفین کے لیے جاری کیا جائے گا۔ تاہم کچھ صارفین ایپ کے کچھ پچھلے ورژن انسٹال کرکے بھی یہ خصوصیت حاصل کرسکتے ہیں۔
اس فیچر کو استعمال کرنے کا طریقہ
اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے سب سے پہلے ویب پر واٹس ایپ کو کھولنا ہوگا، اس کے بعد لنک ود فون نمبر کے آپشن پر کلک کرنا ہوگا، جس پر کمپنی آپ سے آپ کے ملک کا نام اور پھر فون نمبر مانگے گی، جس کے بعد آپ کو نمبر پر ایک کوڈ موصول ہوگا اسے کنفرم کرنے کے بعد واٹس ایپ ویب لاگ ان ہو جائے گا۔