ملتان کی شاہ رکنِ عالم کالونی میں پولیس کی فائرنگ سے 2 نوجوان جاں بحق اور 1 زخمی ہو گیا، جاں بحق ہونے والے 1 نوجوان کا آج نکاح تھا۔
پولیس کے مطابق نوجوان ہوٹل سے کھانا کھا کر گھر جا رہے تھے، پولیس کے اشارے پر نہ رُکنے کی وجہ سے ان پر فائرنگ کی گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ نوجوانوں پر فائرنگ کرنے والا اہل کار فرار ہو گیا ہے۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں نوجوان عثمان نویں جماعت کا طالب علم تھا۔
نوجوان عثمان کی والدہ نے ’جیو نیوز‘ کو بتایا ہے کہ ان کے بیٹے عثمان کا آج نکاح ہونا تھا۔
اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ جان بحق ہونے والے دوسرے نوجوان سمیع اللّٰہ کی عمر 19 سال تھی۔
اہلِ خانہ کا مزید کہنا ہے کہ جب تک انصاف نہیں ملے گا نوجوانوں کی تدفین نہیں کریں گے۔
ملتان پولیس کے مطابق 2 نوجوانوں کی ہلاکت کا مقدمہ ذمے دار پولیس اہلکاروں کے خلاف مقتول عثمان کے والد کی مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے۔