ڈیلی دھرتی (ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے زمان پارک سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرے گھر کا تقدس پامال کیا گیا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے اپنے ایک بیان میں کہا ک آج میرے گھر پر حملہ کیا گیا جو توہین عدالت ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس بات پر اتفاق کیا گیا تھا کہ ہمارے لوگوں میں سے ایک کے ساتھ ایک ایس پی سرچ وارنٹ نافذ کرے گا۔
عمران خان نے کہا کہ انہوں نے کس قانون کے تحت گیٹ توڑا، درخت اکھاڑ دیئے، میرے گھر کا تقدس پامال کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ بھاری ہتھیاروں سے لیس میرے گھر میں گھس گئے، حملہ میرے گھر پر اس وقت کیا جب میں اسلام آباد کی عدالت کیلئے روانہ ہوا، بشریٰ بی بی غیر سیاسی خاتون ہیں، گھر میں اکیلی تھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ چادر اور چارردیواری کی حرمت کے اسلامی اصول کی سراسر خلاف ورزی ہے
سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا نواز شریف کی چوری کا کتابوں اور اخباروں میں ذکر ہے، ان کی کرپشن کے اوپر کہانیاں لکھی ہوئی ہیں۔
عمران خان نے خبردار کرتے ہوئے کہا اگر قوم نہیں جاگے گی تو ملک کی تباہی کی ذمہ دار ہو گی، 8 مارچ کو الیکشن کا اعلان ہوا اور ہم نے کہا ہم ریلی سے انتخابی مہم شروع کریں گے، 7 مارچ کو پولیس کے ساتھ طے کیا کہ کہاں سے ریلی جائے گی؟ اور اجازت دی گئی لیکن اس کے بعد ہر جگہ پولیس لگا دی گئی اور کنٹینرز لگا دیے گئے۔
انہوں نے کہا میرے گھر میں چیزیں توڑی گئیں، میرے گھر میں اب تک آنسو گیس کا اثر ہے، پاکستان کی قوم مجھے 50 سال سے جانتی ہے، عمران خان نے کبھی پاکستان کا قانون نہیں توڑا۔