ڈیلی دھرتی (ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کے وزیر انسانی وسائیل عبد الرحمان آل اوار کی جانب کہا گیا ہے کہ یو اے ای کی جانب ایک نئے پروگرام کو متعارف کرایا جارہا ہے،
اس ورک پرمٹ پروگرام کے تحت دنیا بھر سے تعلق رکھنے والے فری لانسرز اپنے گھر میں رہتے ہوئے متحدہ عرب امارات میں ملازمت کر سکیں گے۔
اس نئے پروگرام کو 2023 کی تیسری سہ ماہی کے دوران متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ ہم ہر طرح کی صلاحیت رکھنے والے افراد کے لیے فری لانسنگ ورک پرمٹ جاری کرنے کے نئے پروگرام پر کام کر رہے ہیں۔
عبد الرحمان آل اوار نے کہا کہ اس پروگرام سے لوگوں کو قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنے اور دیگر کے لیے کام کرنے کا موقع ملے گا اور اس مقصد کے لیے انہیں رجسٹریشن کرانا ہوگی۔انہوں نے بتایا کہ نئی پالیسیوں کا مقصد ملازمتوں کے لیے لچکدار ریموٹ ورک کو یقینی بنانا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس نئے پرمٹ کے بعد لوگوں کو کسی ایک کمپنی سے منسلک رہنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ اس نئی پالیسی کے تحت آپ اپنے کام کریں گے اور خود فیصلہ کریں گے کہ کس طرح کا کام کرنا چاہتے ہیں۔
اماراتی وزیر نے کہا کہ اس طرح کے نظام سے کمپنیوں کو بھی فائدہ ہوگا اور انہیں ملازمتوں کی چھانٹی کرنے کا فیصلہ کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی، دوسری جانب ملازمین کسی ایک ادارے تک محدود نہیں رہیں گے، اس سے اداروں میں لوگوں کی قدر میں اضافہ ہوگا۔ اس طرح کی پالیسیوں سے 2024 تک 24 ہزار نئی ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے، جس سے ہر طرح کی صلاحیت رکھنے والے افراد آگے آئیں گے۔