ڈیلی دھرتی (ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق لاہور کی احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی عبوری ضمانت میں 28 مارچ تک توسیع کردی۔
احتساب عدالت نمبر 4 کے جج شیخ سجاد احمد نے عثمان بزدار کی عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔
تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ عثمان بزدار نے نیب کے سوال کا جواب جمع نہیں کرایا۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے نیب کے سوالنامے کا جواب جمع کرانے کے لیے چھٹی مانگ لی۔
عدالت نے نیب کے تفتیشی افسر کو ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پر انکوائری رپورٹ پیش کی جائے۔
احتساب عدالت نے عثمان بزدار کی عبوری ضمانت میں 28 مارچ تک توسیع کر دی۔
یاد رہے کہ نیب لاہور نے عثمان بزدار کے خلاف اثاثہ جات کی تحقیقات کا آغاز کر رکھا ہے جب کہ گرفتاری کے خوف سے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کی عبوری ضمانت منظور کر لی گئی ہے۔