ڈیلی دھرتی (ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی عدالت نے سندھ پولیس کی شیخ رشید کی راہداری ضمانت کیلئے درخواست مسترد کرکے انہیں اڈیالہ جیل بھجوانے کا حکم دے دیا ہے۔جوڈیشل مجسٹریٹ عمر شبیر نے محفوظ شدہ فیصلہ سنایا۔
کراچی کےتھانہ موچکو میں درج مقدمہ میں راہداری ریمانڈ کیلئے سندھ پولیس نے عدالت سے رجوع کیا تھا ۔جوڈیشل مجسٹریٹ عمر شبیر نے شیخ رشید کے راہداری ریمانڈ کی درخواست خارج کردی۔ عدالت کا کہنا ہے کہ متعلقہ عدالت سے اجازت لیں اور پھر آرڈر عدالت میں جمع کروائیں ۔
واضح رہے سابق وزیر داخلہ کے خلاف گزشتہ روز کراچی میں موچکو تھانے میں بلاول بھٹو کے خلاف غیر اخلاقی زبان استعمال کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا تھا
کچہری میں پیشی کے موقعہ پر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ یہ مجھے کراچی لے جا کر مارنا چاہتے ہیں، میرے خلاف بے بنیاد مقدمات بنائے جا رہے ہیں، میں اپنی آخری سانس تک لڑوں گا اور عمران خان کے ساتھ کھڑا رہوں گا، عمران خان کے حکم کے مطابق الیکشن میں حصہ لے رہا ہوں۔
وکیل کے مطابق شیخ رشید نے کہا کہ مجھے پانچ لوگ مروانا چاہتے ہیں جن میں آصف زرداری، نواز شریف، شہباز شریف ، رانا ثناءاللہ اور بلاول بھٹو شامل ہیں۔