ڈیلی دھرتی (ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق ملک کے دیہی علاقوں میں مہنگائی کی شرح 32.3 فیصد تک جاپہنچی ہے۔
وفاقی ادارہ شماریات نے جنوری 2023 میں مہنگائی اور اشیائے خورو نوش کی قیمتوں سے متعلق جائزہ رپورٹ جاری کردی ہے۔
رپورٹ کے مطابق وزارت خزانہ نے جنوری میں مہنگائی 24 سے 26 فیصد رہنے کا تخمینہ لگایا تھا لیکن جنوری 2023 میں مہنگائی کی سالانہ 2.90 فیصد بڑھ کر 27.55 فیصد تک پہنچ گئی جب کہ دیہی علاقوں میں مہنگائی 3.6 فيصد اضافے سے 32.3 فيصد ہو گئی۔
اعداد و شمار کے مطابق ایک ماہ میں برائلر مرغی 24.62 فیصد جب کہ گندم 16.47 فیصد مہنگی ہوئی ہے۔ اسی طرح چاول 14 فیصد اور گندم کا آٹا 13.23 فیصد مہنگا ہوا ہے۔
گزشتہ ایک ماہ کے دوران پیاز 9.74 فیصد، بیکری اشیاء 5.43 فیصد، پھل 5 فیصد، انڈے 4.36 فیصد اور دالیں 4 فیصد تک مہنگی ہوئیں۔
جنوری 2023 میں ٹماٹر، آلو، گھی، چینی، کوکنگ آئل، سبزیاں اور گُڑ کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی ہے۔