ڈیلی دھرتی (ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں انگلینڈ کیخلاف پاکستان کی بیٹنگ جاری ہے۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا۔
بیٹنگ کے دوران پاکستان کی دوسری وکٹ 45 اسکور پر گرگئی، محمد رضوان 15 رنز بنا کر سیم کرن کا شکار بن گئے، جبکہ محمد حارث 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
کپتان بابراعظم نے کہا کہ ہماری ٹیم بہترین پرفارم کررہی ہے، فائنل میچ کیلئے قومی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں، ہم بھی ٹاس جیت کر پہلے بولنگ ہی کرتے، امید ہے تاریخ اپنے آپ کو دہرائے گی۔
ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ 2022 کا 45 واں یعنی ٹرافی کیلئے ایونٹ کا فائنل میلبرن میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا جا رہا ہے، جہاں انگلینڈ کے کپتان جوز بٹلر نے پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
دونوں ٹیمیں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیمی فائنلز میں اپنے حریفوں کو شکست دے کر ٹرافی سے ایک قدم دور کھڑی ہوگئی ہیں۔
اس سے قبل، بابراعظم نے پریس کانفرنس میں کہا کہ“ہم نے پہلے دو میچ ہارے ہیں، لیکن جس طرح سے ہم نے آخری چار میچوں میں واپسی کی، ہم نے بہت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔“ دوسری جانب انگلینڈ کے کپتان جوز بٹلرکا پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ ورلڈ کپ کھیلنے کی خوشی الگ ہوتی ہے اور ورلڈکپ کا فائنل کھیلنا اعزاز ہے، پاکستان جیسے سخت حریف کے خلاف کل ایک نیا آغاز کریں گے۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ فائنل سے ایک دن قبل ہفتے کی شب سے ہی میلبرن میں بارش کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔
آسٹریلوی محکمہ موسمیات نے اتوار اور پیر کے روز میلبرن میں شدید بارش کی پیشگوئی کر رکھی ہے۔
بارش کی صورت میں ٹورنامنٹ قوانین کے مطابق میچ مکمل کرنے کے لیے دونوں ٹیموں کو 20 میں سے کم از کم ، 10، 10 اوورز کا کھیل کھیلنا لازمی ہے۔
پلیئنگ کنڈیشنز کے مطابق اگرٹی 20 ورلڈ کپ کا فائنل اتوارکو مکمل نہ ہوسکا تو اس صورت میں اگلے روز پیرکو ریزرو ڈے ہوگا اور دونوں ٹیمیں پھرسے میدان میں اتریں گی۔
پیشگوئی کے مطابق اگر پیر کو بھی بارش کے باعث میچ مکمل نہ ہوسکا تو دونوں ٹیموں کو مشترکہ طور پر فاتح قراردیا جائے گا۔